کابل ( اے بی این نیوز)افغانستان میں شدید برفباری اور موسلا دھار بارش نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے، جہاں مختلف صوبوں میں پیش آنے والے حادثات میں کم از کم 61 افراد جاں بحق جبکہ 110 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق افغان صوبوں پروان، وردک، جنوبی قندھار، شمالی جوزجان، فاریاب اور وسطی بامیان سمیت کئی علاقوں میں بدھ سے مسلسل برفباری اور بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس نے معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔
افغانستان کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ حالیہ شدید موسمی صورتحال کے نتیجے میں ملک بھر میں جانی نقصان میں اضافہ ہوا ہے۔ حکام کے مطابق کم از کم 458 مکانات مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہو چکے ہیں، جبکہ کئی دیہات میں لوگ ملبے تلے دب گئے۔
انتظامیہ نے بتایا کہ شدید برفباری اور برفانی تودے گرنے کے خدشات کے باعث اہم شاہراہیں اور بین الصوبائی سڑکیں بند ہو گئی ہیں، جس سے امدادی سرگرمیوں میں بھی شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ اس کے علاوہ مویشیوں کو بھی بھاری نقصان پہنچا ہے، جس سے مقامی آبادی کی معاشی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، تاہم خراب موسم، بند راستوں اور سردی کی شدت کے باعث ریسکیو ٹیموں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں :ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی کو مجموعی طور پر 17، 17 سال قید















