لا ہور (اے بی این نیوز )حکومت نے نجی تعلیمی اداروں کو سختی سے ہدایت جاری کی ہے کہ وہ والدین کو کسی مخصوص دکان یا وینڈر سے کتابیں، یونیفارم یا دیگر تعلیمی اشیاء خریدنے پر مجبور نہیں کر سکتے۔ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ اس عمل کو غیرقانونی تصور کیا جائے گا اور خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ ادارے کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
حکام کے مطابق والدین کو مکمل آزادی حاصل ہے کہ وہ اپنی سہولت اور پسند کے مطابق کسی بھی دکان سے تعلیمی سامان خرید سکیں۔ کسی بھی اسکول کی جانب سے دباؤ ڈالنا یا مخصوص وینڈر کی شرط عائد کرنا قواعد کی کھلی خلاف ورزی ہے۔والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر کسی تعلیمی ادارے کی جانب سے اس طرح کا غیرقانونی عمل سامنے آئے تو فوری طور پر اپنی شکایت سی آر ایم پورٹل کے ذریعے درج کرائیں تاکہ بروقت کارروائی کرتے ہوئے قانون کی عملداری یقینی بنائی جا سکے۔محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد والدین کو غیرضروری مالی دباؤ سے بچانا اور تعلیمی اداروں میں شفافیت کو فروغ دینا ہے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والے اسکولوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔

مزید پڑھیں :کب تک بارش اور برفباری ہو گی،محکمہ موسمیات نے بتا دیا، جا نئے















