کابل (اے بی این نیوز )شمالی افغانستان میں شدید طوفانی برفباری نے نظامِ زندگی مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ مختلف صوبوں میں پیش آنے والے حادثات میں کم از کم 11 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ متعدد افراد کے برف میں پھنسے ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔افغان میڈیا کے مطابق سالنگ پاس، فریاب، پروان، میدان وردگ اور بامیان کے علاقوں میں کئی فٹ برف پڑنے سے اہم شاہراہیں بند ہو گئی ہیں، جس کے باعث کابل کا شمالی صوبوں سے زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔
برفانی تودے گرنے کے واقعات میں متعدد گاڑیاں دب گئیں جبکہ دیہی علاقوں میں مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ بعض علاقوں میں بجلی اور مواصلاتی نظام بھی متاثر ہوا ہے، جس سے مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ خراب موسم، شدید سردی اور بند راستوں کے باعث امدادی ٹیموں کو متاثرہ علاقوں تک پہنچنے میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ ریسکیو آپریشن سست روی کا شکار ہے جبکہ زخمیوں اور محصور افراد کو فوری مدد کی ضرورت ہے۔
شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ موسمیاتی اداروں نے آئندہ چند روز مزید برفباری کی پیش گوئی کی ہے، جس سے صورتحال مزید سنگین ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔حکام کے مطابق راستوں کی بحالی اور متاثرین کو امداد فراہم کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں، تاہم موسم بہتر ہونے تک امدادی سرگرمیوں میں مشکلات برقرار رہنے کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں :تعلیمی اداروں میں چھٹیاں، بڑی تبدیلی کی تیاری















