کراچی( اے بی این نیوز )شہر قائد میں سردی کے ستائے شہریوں کے لیے محکمہ موسمیات نے موسم سے متعلق نئی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سردی کا یہ سلسلہ رواں ماہ کے اختتام تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کے بعد کوئٹہ سے آنے والی سرد ہوائیں کراچی میں 20 سے 22 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، جس کے باعث موسم غیر معمولی طور پر ٹھنڈا محسوس کیا جا رہا ہے۔ موسمی ماہرین کے مطابق کل ان ہواؤں کی رفتار بڑھ کر 30 سے 35 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا اور درجہ حرارت معمول سے کم محسوس ہوگا۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ کراچی میں رواں ماہ کے آخر تک موسم سرد رہ سکتا ہے۔ اس دوران رات کے وقت درجہ حرارت 9 سے 12 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ دن کے اوقات میں 22 سے 24 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ سرد ہواؤں کے باعث خاص طور پر صبح اور رات کے وقت خنکی زیادہ محسوس کی جائے گی۔
مزید بتایا گیا ہے کہ 27 یا 28 جنوری کے دوران مغربی ہواؤں کا ایک نیا سسٹم ملک کے شمالی علاقوں پر اثر انداز ہو سکتا ہے، تاہم اس سسٹم کے باعث سندھ میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔ کراچی میں اس دوران مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ سرد موسم کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خصوصاً بزرگوں اور بچوں کو ٹھنڈی ہواؤں سے محفوظ رکھا جائے تاکہ سردی سے متعلق بیماریوں سے بچا جا سکے۔
مزید پڑھیں :بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شدید برفباری، شاہراہیں بند، ریسکیو ٹیمیں متحرک















