جنوبی افریقہ(اے بی این نیوز)جنوبی افریقہ کی ٹیم کو آئی سی سی مینز ٹی20ورلڈ کپ 2026 سے قبل بڑا دھچکا لگ گیا ہے، جہاں بلے باز ٹونی ڈی زورزی اور ڈونوون فریرا کو انجری کے باعث اسکواڈ سے باہر کر دیا گیا ہے۔ دونوں کھلاڑی ویسٹ انڈیز کے خلاف آئندہ 3 میچوں کی ٹی20 سیریز میں بھی حصہ نہیں لے سکیں گے۔
کرکٹ جنوبی افریقہ کے مطابق، ٹونی ڈی زورزی دائیں ہیم اسٹرنگ کی انجری سے متوقع رفتار سے صحت یاب نہیں ہو سکے، جو انہیں گزشتہ ماہ بھارت کے خلاف ون ڈے سیریز کے دوران لاحق ہوئی تھی۔ مسلسل ری ہیب کی ضرورت کے باعث وہ بھارت اور سری لنکا میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کر پائیں گے۔
دوسری جانب، ڈونوون فریرا کو اس ماہ کے آغاز میں جنوبی افریقہ کے ایک ڈومیسٹک ٹی20 میچ کے دوران بائیں کندھے (کلاویکل) کی ہڈی میں فریکچر ہو گیا، جس کے بعد انہیں بھی اسکواڈ سے ڈراپ کر دیا گیا۔ ان دونوں کی جگہ ریان رِکلٹن اور ٹرِسٹن اسٹبز کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
ادھر تجربہ کار بلے باز ڈیوڈ ملر کو بھی تشویش لاحق ہے، جو پیر کے روز ڈومیسٹک ٹی20 مقابلے میں مسل انجری کا شکار ہو گئے۔ وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز نہیں کھیلیں گے جبکہ ان کی ورلڈ کپ میں شرکت کا فیصلہ فٹنس ٹیسٹ کے بعد کیا جائے گا۔
اپ ڈیٹ شدہ جنوبی افریقی اسکواڈ میں ایڈن مارکرم (کپتان)، کوئنٹن ڈی کوک، کاگیسو ربادا، انریخ نورکیا، لونگی اینگیڈی اور دیگر نمایاں کھلاڑی شامل ہیں۔ جنوبی افریقہ، گروپ ڈی میں شامل ہے اور اپنی ٹی20 ورلڈ کپ مہم کا آغاز 9 فروری کو کینیڈا کے خلاف میچ سے کرے گا۔
مزید پڑھیں۔سعودی عرب: ڈبل وکٹ میچ میں پاکستان نے بھارت کو شکست دیدی، پلیئرز نے ہاتھ بھی ملائے















