مری،مظفرآباد،چلاس ،کرم (اے بی این نیوز ) ملکہ کوہسار مری میں برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور اب تک 4 انچ برف باری ریکارڈ کی جا چکی ہے۔ ڈی پی او مری محمد رضا سپرا جوانوں کا حوصلہ بڑھانے کے لیے خود فیلڈ میں موجود ہیں۔ مری پولیس، ٹریفک اہلکار اور ریسکیو 1122 کے دستے شاہراہوں پر ہائی الرٹ ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔مظفرآباد اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری جاری ہے۔ مظفرآباد میں وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ آزاد کشمیر کے علاقے باغ میں موسلا دھار بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔
باغ میں لسڈنہ، درجہ حاجی پیر، تولی پیر اور نیزہ گلی میں برفباری ہوئی ہے جبکہ بھرت گلی، سدھن گلی اور گنگا چوٹی پر بھی برف پڑی ہے۔ برفباری کے باعث بیشتر مرکزی شاہراہیں بند ہو گئی ہیں جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔چلاس اور دیامر کے بالائی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو رہی ہے۔ بابوسر ٹاپ اور فیئری میڈو میں شدید برفباری ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ نانگا پربت اور بھٹو گاہ ٹاپ پر بھی برفباری جاری ہے۔
کوہستان کے چاروں اضلاع میں بارش اور بالائی پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ دیامر اور کوہستان کے پہاڑی سلسلوں اور شاہراہ قراقرم پر لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ضلع کرم کے مختلف علاقوں میں بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ اپر کرم کے سرحدی علاقے میں اب تک 3 فٹ برف پڑ چکی ہے، جس سے معمولات زندگی متاثر ہو گئے ہیں۔انتظامیہ نے شہریوں اور سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسم کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔
مزید پڑھیں :8 فروری کو یومِ احتجاج ،محمود خان اچکزئی کا اہم ترین بیان سامنے آگیا،جا نئے کیا















