انگلینڈ(اے بی این نیوز)انگلینڈ کے معروف بائیں ہاتھ کے اسپنر نارمن گفورڈ طویل علالت کے بعد 85 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر سے کرکٹ حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
نارمن گفورڈ کو انگلش کاؤنٹی کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب اور بااثر کھلاڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ وہ 1960 سے 1982 تک ورسسٹرشائر کی نمائندگی کرتے رہے اور 1,615 فرسٹ کلاس وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے 1964 اور 1965 میں ورسسٹرشائر کو کاؤنٹی چیمپئن شپ جتوائی اور 1974 میں کپتان کی حیثیت سے کاؤنٹی چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتا۔
ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں 1975 میں وزڈن کرکٹر آف دی ایئر اور 1978 میں ایم بی ای سے نوازا گیا۔ انہوں نے انگلینڈ کی جانب سے 15 ٹیسٹ میچز کھیل کر 33 وکٹیں حاصل کیں، جن میں ان کی بہترین کارکردگی پاکستان کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں 5 وکٹوں کے عوض 55 رنز تھی۔
44 برس کی عمر میں شارجہ میں روتھمینز فور نیشنز کپ میں انگلینڈ کی قیادت کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف 4 وکٹیں حاصل کیں۔ اپنے کیریئر کے آخری حصے میں وہ واروکشائر منتقل ہو گئے اور پانچ سیزنز تک کپتان رہے۔
مزید پڑھیں۔اسلام آباد ، لاہور اور فیصل آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان















