اہم خبریں

اپوزیشن لیڈر کا نوٹیفکیشن سٹریٹ موومنٹ کی پہلی کامیابی، 8 فروری کو مکمل پہیہ جام ہڑتال ہوگی،شفیع جان

اسلام آباد (اے بی این نیوز)معاون خصوصی اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان نے کہا ہے کہ حکومت نے اپوزیشن لیڈر کے نوٹیفکیشن میں جان بوجھ کر پانچ ماہ کی تاخیر کی، تاہم سٹریٹ موومنٹ کے دباؤ پر بالآخر نوٹیفکیشن جاری کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کا نوٹیفکیشن سٹریٹ موومنٹ کی پہلی بڑی کامیابی ہے۔

اے بی این نیوز کے پروگرام ’’تجزیہ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شفیع جان کا کہنا تھا کہ پانچ ماہ تک قومی اسمبلی کو اپوزیشن لیڈر کے بغیر چلایا گیا اور اسی دوران غیر آئینی ترامیم بھی کرائی گئیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر 8 فروری کی کال واپس نہ لی گئی تو 9 مئی کے کیسز کھولنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، جو سیاسی دباؤ کے لیے استعمال ہو رہی ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان تحریک انصاف 8 فروری کو مکمل پہیہ جام ہڑتال کرے گی اور سٹریٹ موومنٹ ملک گیر تحریک کی صورت اختیار کر چکی ہے۔ شفیع جان کے مطابق فارم 47 کے ذریعے آنے والی حکومت عوامی مینڈیٹ کا احترام نہیں کرتی اور عوامی دباؤ سے ہی سیاسی راستہ نکلے گا۔

دوسری جانب وزیر مملکت کھیل داس کوہستانی نے کہا کہ مذاکرات میں رکاوٹیں باہمی رویوں اور طرز سیاست کے باعث پیدا ہو رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر کی تقرری آئینی معاملہ ہے اور اپوزیشن کے بغیر جمہوریت نامکمل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مذاکرات کا اختیار اپوزیشن لیڈر کے پاس ہے اور فیصلے کسی ایک فرد کے ہاتھ میں نہیں ہوتے۔

کھیل داس کوہستانی نے کہا کہ اداروں کے خلاف بیانات اور بلیک میلنگ قابل قبول نہیں، جبکہ اپوزیشن لیڈر کا کردار آئینی تقرریوں میں مشاورت اور مؤثر نگرانی ہے۔

ادھر پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قادر مندوخیل نے کہا کہ کراچی میں پی ٹی آئی کے قافلے کو کہیں نہیں روکا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مفاہمت ڈنڈے کے زور پر نہیں بلکہ بات چیت سے ہوتی ہے، اگر کسی کے پاس کوئی ویڈیو ہے تو وہ سامنے لائی جائے۔

قادر مندوخیل کا کہنا تھا کہ 18ویں ترمیم صوبائی خودمختاری کی ضمانت ہے، کراچی جل رہا ہے مگر حکومت غیر ضروری بحث میں مصروف ہے، جبکہ سندھ، جنوبی پنجاب اور دیگر صوبوں کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
مزید پڑھیں‌:ٹرمپ کی دعوت ، پاکستان کا ’’بورڈ آف پیس‘‘ میں شمولیت اختیار کر نے کا فیصلہ

متعلقہ خبریں