اہم خبریں

ٹرمپ نے گرین لینڈ کو امریکی سیکیورٹی کے لیےلازمی قرار دیدیا

واشنگٹن ( اے بی این نیوز    )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کئی بین الاقوامی اور اقتصادی امور پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی ٹیرف پالیسی نے امریکا کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا اور ملک کی معیشت مضبوط ہوئی۔ٹرمپ نے کہا کہ یورپی ممالک کو گرین انرجی پر زیادہ توجہ دینی ہوگی تاکہ توانائی کے شعبے میں خود کفالت اور ماحولیاتی تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وینزویلا میں امریکی کارروائی کے بعد وہاں کی حکومت تعاون کر رہی ہے،

جو خطے میں سیاسی استحکام کے لیے مثبت ہے۔امریکی صدر نے غیر قانونی امیگریشن کے مسئلے پر بھی زور دیا اور کہا کہ مغربی حکومتیں اس کی وجہ سے ریکارڈ بجٹ خسارے کا سامنا کر رہی ہیں۔ انہوں نے گرین لینڈ کو امریکی سیکیورٹی کے لیے انتہائی ضروری قرار دیا اور کہا کہ جنگ کے دوران اس کی حفاظت کے لیے افواج بھیجی گئی تھیں۔ٹرمپ نے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں امریکا کی کامیابیوں کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس میدان میں چین سے آگے ہیں اور یہ تکنیکی برتری مستقبل کی عالمی قیادت کے لیے اہم ہے۔
امریکا گزشتہ 200 سال سے گرین لینڈ خریدنے کی کوشش کر رہا ہے اور اب وہ ہر صورت یہ خطہ حاصل کرنا چاہتا ہے۔میڈیا سے گفتگو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہمیں اپنی حفاظت کے لیے “برف کا یہ ٹکڑا” چاہیے، کیونکہ گرین لینڈ امریکی اور عالمی سیکیورٹی کے لیے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے واضح انداز میں کہا کہ وہ گرین لینڈ کو لیز پر لینے کے حق میں نہیں بلکہ اس کی مکمل ملکیت چاہتے ہیں۔ ان کے بقول گرین لینڈ کا دفاع لیز پر نہیں کیا جا سکتا، ہمیں پورا کنٹرول درکار ہے۔

ٹرمپ نے نیٹو کو بھی اس معاملے پر دو ٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا کہ گرین لینڈ کے حوالے سے نیٹو کے پاس صرف دو آپشن ہیں، ہاں یا ناں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے برسوں تک یورپ کی مدد کی مگر بدلے میں کچھ نہیں ملا، اس لیے نیٹو کے لیے جو کچھ کیا اس کے بدلے گرین لینڈ مانگنا کوئی بڑی بات نہیں۔

اسی گفتگو میں صدر ٹرمپ نے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کو اضافی ٹیرف لگانے کی دھمکی بھی دی اور کہا کہ اگر یورپی ممالک نے امریکی مفادات کا خیال نہ رکھا تو امریکا سخت تجارتی اقدامات اٹھا سکتا ہے۔

یوکرین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ یوکرین کی سرزمین خونی سرزمین بن چکی ہے اور وہاں جاری جنگ نے خطے کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے اپنے دورِ حکومت کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کے دور میں آٹھ جنگیں ختم کرائی گئیں۔

صدر ٹرمپ نے جنوبی ایشیا سے متعلق بھی بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ رکوائی تھی، ورنہ دونوں ممالک کے درمیان صورتحال بہت خطرناک رخ اختیار کر سکتی تھی۔

مزید پڑھیں :ٹرمپ کی ایران کو سخت دھمکی

متعلقہ خبریں