اہم خبریں

متنازع ٹویٹس کیس ،جج کے سخت ریمارکس ،جا نئے کیا

اسلام آباد ( اے بی این نیوز    ) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں ایمان مزاری اور ہادی علی کے خلاف متنازع ٹویٹس کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکہ نے کیس کی کارروائی سنبھالتے ہوئے واضح کیا کہ ملزمان دو روزہ حفاظتی ضمانت کے باوجود عدالت میں پیش نہیں ہوئے، جو جان بوجھ کر عدالتی عمل میں تاخیر کے مترادف ہے۔

جج افضل مجوکہ نے ریمارکس دیے کہ ملزمان کا عدالت دیر سے آنا اب ایک وطیرہ بن چکا ہے اور وہ دانستہ طور پر وقت ضائع کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے چار روز کے اندر جرح مکمل کرنے کی ہدایت موصول ہو چکی ہے، جو عدالت کو 20 جنوری کو موصول ہوئی تھی، اس حکم کے تحت 24 جنوری سہ پہر ساڑھے تین بجے تک جرح ہر صورت مکمل کرنا لازم ہے۔

عدالت نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان روزانہ ساڑھے 9 بجے جرح شروع کریں گے اور ساڑھے 3 بجے تک اسے مکمل کرنا ہوگا، جبکہ ڈیڑھ بجے آدھے گھنٹے کا وقفہ دیا جائے گا۔ جج نے خبردار کیا کہ اگر ملزمان کی جانب سے مزید وقت ضائع کرنے کی کوشش کی گئی تو انہیں کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔

جج افضل مجوکہ نے دوٹوک انداز میں کہا کہ اگر 24 جنوری ساڑھے تین بجے تک جرح مکمل نہ ہوئی تو ملزمان کا جرح کا حق ختم کر دیا جائے گا۔ عدالت نے اس معاملے میں سختی برتنے کا عندیہ دیتے ہوئے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی ہے۔

مزید پڑھیں :بابا وانگا کی ایک اور حیرت انگیز پیشین گوئی سچ ثابت ہو گئی،جا نئے کو نسی

متعلقہ خبریں