اہم خبریں

سابق وفاقی وزیر داخلہ راجہ نادر خالقِ حقیقی سے جاملے

فیصل آباد(اے بی این نیوز) سابق وفاقی وزیر داخلہ راجہ نادر پرویز انتقال کر گئے، ان کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

راجہ نادر پرویز کا تعلق فیصل آباد سے تھا اور وہ ایک تجربہ کار سیاستدان کے طور پر جانے جاتے تھے۔

راجہ نادر پرویز نے اپنی سیاسی زندگی میں متعدد بار رکن قومی اسمبلی کے طور پر خدمات انجام دیں، مختلف ادوار میں وفاقی وزیر مواصلات اور وفاقی وزیر پانی و بجلی کے اہم عہدوں پر بھی فائز رہے، جہاں انہوں نے انفراسٹرکچر اور توانائی کے شعبے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کی پالیسی سازی اور انتظامی صلاحیتوں کو سیاسی مخالفین بھی سراہتے تھے۔

سیاسی خدمات کے ساتھ ساتھ راجہ نادر پرویز نے پاک افواج کے اندر بھی مختلف ذمہ داریاں نبھائیں، جو ان کی ہمہ جہت شخصیت کا مظہر ہیں، ملکی سلامتی اور قومی مفاد کے معاملات پر ان کی رائے کو ہمیشہ اہمیت دی جاتی رہی۔

خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم کی نماز جنازہ راولپنڈی کے آرمی قبرستان میں ادا کی جائے گی، جس میں سیاسی شخصیات، عسکری حکام، اہلِ علاقہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔

راجہ نادر پرویز کے انتقال پر صدر، وزیر اعظم، سیاسی رہنماؤں اور عوامی نمائندوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ ان کی وفات کو ملکی سیاست کیلئے ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں۔ٹک ٹاک نے پاکستانیوں کی 2 کروڑ سے زائد ویڈیوز ڈیلیٹ کر دیں

متعلقہ خبریں