پرتھ(اے بی این نیوز) آسٹریلیا کی مشہور بگ بیش لیگ میں میچ کے دوران پرتھ اسٹیڈیم کے باہر اچانک آگ بھڑک اٹھی۔
یہ واقعہ سڈنی سکسرز اور پرتھ اسکورچرز کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کے 15ویں اوور میں پیش آیا، جب میدان میں عالمی شہرت یافتہ کرکٹرز بابر اعظم اور اسٹیون اسمتھ موجود تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اوپٹس اسٹیڈیم کے باہر موجود جھاڑیوں میں آگ لگ گئی، جس سے اٹھنے والا دھواں اس قدر گہرا تھا کہ اسٹیڈیم کے اندر تک پھیل گیا۔ دھوئیں کے بادل دیکھ کر شائقین کرکٹ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی جبکہ فائر الارم بجنے سے تماشائی خوفزدہ ہو گئے۔
تاہم انتظامیہ نے فوری ردعمل دیتے ہوئے صورتحال کو قابو میں رکھا، اسٹیڈیم اسٹاف اور سیکیورٹی اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے، فائر فائٹنگ ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر جلد قابو پا لیا۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
تمام تر صورتحال کے باوجود میچ کو نہیں روکا گیا اور کھیل بدستور جاری رہا، تاہم شائقین کی توجہ کچھ دیر کیلئے کرکٹ ایکشن کے بجائے اسٹیڈیم کے باہر اٹھتے دھوئیں پر مرکوز رہی۔
حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے اور مختلف امکانات پر غور کیا جا رہا ہے، جن میں موسمی حالات یا کسی بیرونی عنصر کا کردار بھی شامل ہو سکتا ہے۔
مزید پڑھیں۔کراچی: رینجرز نے بھتہ خوری میں ملوث 4 مسلح ملزمان کو گرفتار کرلیا















