ٹوکیو ( اے بی این نیوز ) جاپان کی سیاست میں بڑی پیش رفت سامنے آ گئی ہے جہاں وزیراعظم سانائے تاکائیچی نے ایوان زیریں تحلیل کرنے اور قبل از وقت عام انتخابات کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔ عالمی میڈیا کے مطابق وزیراعظم 23 جنوری کو 465 رکنی ایوان نمائندگان کو تحلیل کریں گی جبکہ ملک بھر میں پولنگ 8 فروری کو ہوگی۔پریس کانفرنس میں سانائے تاکائیچی کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں عوام سے تازہ مینڈیٹ لینا ضروری ہے، اسی لیے قبل از وقت انتخابات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق باضابطہ انتخابی مہم 27 جنوری سے شروع ہوگی۔ یہ انتخابات وزیراعظم سانائے تاکائیچی کے منصب سنبھالنے کے بعد پہلے عام انتخابات ہوں گے، جبکہ موجودہ ایوان زیریں کی آئینی مدت پوری ہونے میں ابھی دو سال سے زائد وقت باقی تھا۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ ہفتے وزیراعظم نے اپنی حکمران جماعت لبرل ڈیموکریٹک پارٹی اور اتحادی جماعت جاپان انوویشن پارٹی کی قیادت کو ایوان زیریں تحلیل کرنے کے ارادے سے آگاہ کر دیا تھا۔ اس اعلان کے بعد جاپان کے سیاسی منظرنامے میں ہلچل مچ گئی ہے اور تمام بڑی جماعتیں انتخابی حکمت عملی ترتیب دینے میں مصروف ہو گئی ہیں۔ادھر حکمران اتحاد کا مقابلہ کرنے کے لیے اپوزیشن کی صفوں میں بھی اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ جاپان کی آئینی جمہوری پارٹی اور کومے ئیتو پارٹی، جو طویل عرصے تک ایل ڈی پی کی اتحادی رہی ہے، نے سینٹرسٹ ریفارم الائنس بنانے پر اتفاق کر لیا ہے۔
مزید پڑھیں : 8 فروری کو بسنت ، اب زمین اور آسمان پر بھی عمران خان کی پتنگوں سے احتجاج ہوگا، نورین نیازی کا اعلان














