کابل( اے بی این نیوز )افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک زور دار دھماکے نے شہر کو دہلا کر رکھ دیا، جس میں متعدد افراد جاں بحق ہو گئے۔ افغان وزارت داخلہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دھماکہ شہر کے ایک مصروف علاقے میں ہوا، جس کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا ہے۔
وزارت داخلہ کے مطابق دھماکے کے فوراً بعد کابل کے وسطی علاقوں میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے، جبکہ امدادی ٹیمیں اور سیکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے، جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت جانچنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں اور یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ آیا یہ خودکش حملہ تھا یا کسی دھماکہ خیز مواد کا ریموٹ کنٹرول کے ذریعے استعمال کیا گیا۔ تاحال کسی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور شہریوں میں بھگدڑ مچ گئی۔ کئی دکانیں بند کر دی گئیں جبکہ ٹریفک کی آمد و رفت بھی متاثر ہوئی۔
افغان حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں، غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔ کابل میں حالیہ سیکیورٹی صورتحال ایک بار پھر خطرے کی گھنٹی بن گئی ہے، جس پر علاقائی اور عالمی سطح پر بھی گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔
مزید پڑھیں :ایف بی آرنےبے نامی ٹرانزیکشنز کیس کا نوٹس لے لیا،وسیع پیمانے پت تحقیقات شروع کر دی گئیں















