اسلام آباد (رضوان عباسی سے )حکومتِ پاکستان نے سال 2026 کے لیے سرکاری اور اختیاری تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق قومی دنوں، مذہبی تہواروں اور اقلیتی برادریوں کے اہم مواقع پر تعطیلات دی جائیں گی۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یومِ کشمیر 5 فروری، یومِ پاکستان 23 مارچ اور یومِ آزادی 14 اگست کو ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی۔ اسی طرح عیدالفطر 21 سے 23 مارچ اور عیدالاضحیٰ 27 سے 29 مئی 2026 تک سرکاری تعطیلات ہوں گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یومِ مزدور یکم مئی اور یومِ تکبیر 28 مئی کو بھی ملک بھر میں تعطیل ہوگی، جبکہ یومِ عاشور 24 اور 25 جون کو سرکاری تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ عید میلاد النبی ﷺ 25 اگست اور علامہ اقبال ڈے 9 نومبر کو بھی تعطیل ہوگی، جبکہ 25 دسمبر کو قائداعظم ڈے اور کرسمس کے موقع پر عام تعطیل ہوگی اور 26 دسمبر کو مسیحی ملازمین کے لیے تعطیل دی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق یکم جنوری، 18 فروری (زکوٰۃ کٹوتی کے باعث) اور یکم جولائی کو بینک تعطیلات ہوں گی، تاہم ان دنوں بینک عملہ حاضر رہے گا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اختیاری تعطیلات میں شبِ معراج، شبِ برات، ہولی، دیوالی، گورو نانک جینتی سمیت دیگر مذہبی و ثقافتی تہوار شامل ہیں، جبکہ مسلم تہواروں کی تاریخیں رویتِ ہلال سے مشروط ہوں گی اور اس حوالے سے علیحدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
کابینہ ڈویژن کے مطابق اختیاری تعطیلات اداروں کے سربراہ کی اجازت سے دی جائیں گی اور اس امر کو یقینی بنایا جائے گا کہ سرکاری امور متاثر نہ ہوں۔ مزید کہا گیا ہے کہ برآمدی ادارے تعطیلات سے مستثنیٰ ہوں گے تاہم کارکنوں کو اوور ٹائم ادائیگی لازم ہوگی
مزید پڑھیں۔فاطمہ جتوئی کی خودکشی کی کوشش، وجہ کیا بنی؟















