اہم خبریں

ووٹر ایج 25 سال کرنا جمہوریت کے اصولوں کے خلاف ہے ، بیرسٹر ابوذر سلمان نیازی

اسلام آباد (اے بی این نیوز     ) ممبر کور کمیٹی پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر ابوذر سلمان نیازی نے اے بی این نیوز کے پروگرام ’’ڈیبیٹ@‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا احتجاج عوامی مینڈیٹ پر ڈاکے کے خلاف ہے اور اس کا مقصد دنیا کے سامنے اس حقیقت کو لانا ہے۔

بیرسٹر ابوذر سلمان نیازی نے کہا کہ ایک ہفتے کے اندر احتجاج کی مکمل پلاننگ اور اسٹریٹجی سامنے آ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خود چھوٹے کریک ڈاؤن سے احتجاج کو کامیاب بنا دیتی ہے اور ذرا سی آواز پر حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہو جاتی ہے۔ انہوں نے جھوٹے مینڈیٹ پر قائم حکومت کی بنیادوں کو کمزور قرار دیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کے 2 سے 3 بنیادی مطالبات ہیں اور کوئی ذاتی رعایت نہیں مانگی جا رہی۔ ان مطالبات میں عوامی مینڈیٹ کی واپسی، پارٹی کے بانی کی رہائی، اور عدلیہ کی آزادی شامل ہیں۔ بیرسٹر ابوذر سلمان نیازی نے کہا کہ آزاد عدلیہ ہو تو سیاسی انصاف خود بحال ہوگا اور 300 کیسز کا تماشہ ختم ہو جائے گا کیونکہ قانون کی بالادستی لازم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کے بانی کو قید میں تقریباً 900 دن مکمل ہونے والے ہیں اور ان کی روزمرہ زندگی پر سخت کنٹرول رکھا گیا ہے۔ پی ٹی آئی احتجاج کی تیاری اور عوامی ردعمل پر نظر رکھے ہوئے ہے، اور حکومت کو بھی دیکھنا ہوگا کہ عوام اور اپوزیشن کس سمت میں جا رہی ہے۔

بیرسٹر نیازی نے کہا کہ بانی کی قیادت میں نوجوان ووٹرز ملک کے حق میں کھڑے ہیں اور ووٹنگ کی عمر 18 سال ہونی چاہیے کیونکہ پوری دنیا میں یہی جمہوری معیار ہے۔ ووٹر ایج 25 سال کرنا جمہوریت کے اصولوں کے خلاف ہے اور نوجوان ووٹر واضح طور پر جانتے ہیں کہ ملک کا حق دار کون ہے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہ 19 سال کے بلاول کو چیئرمین تسلیم کرتی ہے، اس لیے صاف اور شفاف انتخابات کے لیے ووٹنگ ایج 18 سال ہونی چاہیے۔

مزید پڑھیں  :موسم سرما کی چھٹیاں،تعلیمی اداروں کے حوالے سے اہم خبر آگئی،جا نئے نئے احکامات بارے

متعلقہ خبریں