اہم خبریں

عمران خان کی ملاقاتوں پر پابندی غیرانسانی عمل ہے: محمود خان اچکزئی

اسلام آباد(اے بی این نیوز) اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے خطے کی موجودہ صورتحال پر تین روزہ گول میز کانفرنس بلانے کا مطالبہ کر دیا۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ آئین ایک وعدہ ہے، اگر اس وعدے کو توڑا گیا تو ریاست اور عوام کے درمیان رشتے خراب ہو جائیں گے۔

جامشورو میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ملاقاتوں پر پابندی غیرانسانی عمل ہے، جس کی کسی صورت حمایت نہیں کی جا سکتی۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں حکمرانی سب کی شمولیت سے ہونی چاہیے، تمام زبانوں اور قومیتوں کا احترام ضروری ہے۔ خارجہ پالیسی پارلیمنٹ کو بنانی چاہیے تاکہ قومی فیصلے اجتماعی دانش سے کیے جا سکیں۔

بعد ازاں حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ملک میں نظام بظاہر اچھا ہے، لیکن اسے چلانے کی نیت نہیں ہے، کھوٹے سکوں کو ہٹانے کیلئے ایک منظم تحریک چلانا ضروری ہے، اگر تمام قوموں کو حکمرانی میں حصہ دیا جائے تو پاکستان بخوبی چل سکتا ہے۔محمود خان اچکزئی نے تجویز دی کہ تین دن کی گول میز کانفرنس میں سب فریقین کو بٹھا کر ایک دوسرے کی بات سنی جائے اور مسائل کا حل نکالا جائے، ہماری سیاست گالی گلوچ پر نہیں بلکہ مکالمے پر یقین رکھتی ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے سیاسی رہنماؤں سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری کے ساتھ ان کا کوئی ذاتی لین دین نہیں، چند کپ چائے کے سوا کوئی ادھار نہیں، جب وہ آئیں گے تو انہیں چائے ضرور پلائیں گے، کیونکہ سیاست اختلاف کے باوجود برداشت کا نام ہے۔
مزید پڑھیں: کیا پیر سے اسکول صبح 10 بجے کھلیں گے؟ طلبا کے لئے بڑی خبر

متعلقہ خبریں