اسلام آباد(اے بی این نیوز)سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور سینیئر سیاستدان فواد چوہدری نے حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک میں سیاسی درجہ حرارت کو نیچے لانے کے لیے کردار ادا کریں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہاکہ نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی درخواست کی تھی، مگر اب تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
انہوں نے زور دے کر کہاکہ سیاسی استحکام کے لیے نواز شریف، شہباز شریف اور آصف زرداری کو مذاکرات کرنا ہوں گے، اور کوٹ لکھپت جیل کے قیدیوں کی رہائی ایک مثبت تاثر پیدا کرے گی۔
سابق وزیر نے پی ٹی آئی کی پالیسی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہاکہ پارٹی میں دو متضاد رائے پائی جاتی ہیں، ایک حصہ انقلاب چاہتا ہے اور دوسرا مذاکرات کا خواہاں ہے۔
فواد چوہدری نے مزید کہاکہ پارٹی کے اندر بھی بیانات میں تضاد موجود ہے، بیرسٹر گوہر کچھ کہتے ہیں تو خیبر پختونخوا کے جونیئر وزیر کچھ اور رائے رکھتے ہیں۔
انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہاکہ سلمان اکرم راجا کہتے ہیں کہ افغانستان سے دہشتگردی کا خطرہ ہے، جبکہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اس بیان سے متفق نہیں ہیں، جو پارٹی میں رائے کے اختلافات کی عکاسی کرتا ہے۔
واضح رہے کہ فواد چوہدری، عمران اسماعیل اور محمود مولوی ملک میں گرینڈ ڈائیلاگ کے لیے مہم چلا رہے ہیں، لیکن پی ٹی آئی قیادت کا کہنا ہے کہ ان لوگوں کو تحریک انصاف سے نکالا جا چکا ہے، اس لیے ان کی رائے کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔
مزید پڑھیں: آزاد کشمیر میں گریڈ 21 کے افسر کا خلاف قواعد ریٹائرمنٹ نوٹیفکیشن جاری















