اہم خبریں

ایران اچانک فوجی کارروائی یا سفارتی راستہ اختیار کر سکتا ہے،سابق سفیر

اسلام آباد (اے بی این نیوز) سابق سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر فوری فوجی کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اُن کے مطابق صدر ٹرمپ کے پاس حملے کا آپشن موجود تھا، مگر مؤخر کرنے کو ترجیح دی گئی۔

اے بی این نیوز کے پروگرام ’’ڈیبیٹ @8 ‘‘میں گفتگوکرتے ہوئے انہوں‌نے کہا کہ ایران نے بدامنی کے الزامات دہشت گرد اور بیرونی عناصر پر عائد کیے ہیں، جبکہ حالات میں قدرے سکون آنے کے بعد امریکہ نے اپنی پالیسی کا فیصلہ کیا۔ مصر، سعودی عرب اور دیگر اتحادی ممالک نے امریکی حملے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا، اور اسرائیل نے بھی فوری کارروائی کو مناسب قرار نہیں دیا۔

مسعود خان نے بتایا کہ اگرچہ حملے کا فیصلہ روکا گیا، امریکی فوجی نقل و حرکت جاری ہے۔ امریکی طیارہ بردار بحری بیڑا خطے کی جانب پیش قدمی کر رہا ہے اور قطر میں موجود امریکی بیس پر 10 ہزار سے زائد فوجی تعینات ہیں۔ خلیجی اور عرب خطے میں مختلف مقامات پر امریکی فوجی موجود ہیں اور امریکی شپنگ سینٹرز ممکنہ حملوں کی زد میں آ سکتے ہیں۔ واشنگٹن کے مؤقف کے مطابق موجودہ صورتحال میں فوری حملے کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔

سابق سفیر نے مزید کہا کہ قطر اور عمان سمیت کئی ممالک کشیدگی کم کرنے کے لیے مداخلت کر رہے ہیں، جبکہ اسرائیل بھی فوری فوجی کارروائی کے حق میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی بیانات اور فوجی نقل و حرکت میں واضح تضاد دیکھا جا رہا ہے۔ ایران سے میزائل پروگرام محدود کرنے کا تقاضا کیا جا رہا ہے، لیکن یہ واضح نہیں کہ ایران ان شرائط کو قبول کرے گا یا نہیں۔

مسعود خان نے کہا کہ ایران میں موجودہ کشیدگی میں وقفہ آیا ہے، لیکن ہار یا جیت نہیں ہوئی۔ ایران معاشی پابندیوں اور اندرونی دباؤ برداشت کر رہا ہے، جبکہ امریکہ اصل دباؤ محسوس نہیں کر رہا۔ اگر ایران مذاکرات میں کامیاب ہوا تو امریکہ کے مقابلے میں بہتر پوزیشن حاصل کرے گا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ ایران اچانک فوجی کارروائی یا سفارتی راستہ اختیار کر سکتا ہے، جس کے سنگین اثرات پاکستان اور خطے پر مرتب ہو سکتے ہیں۔ ایران کے بہتر تعلقات خلیجی ممالک کے ساتھ متاثر ہو سکتے ہیں، جبکہ کشیدگی عارضی طور پر کنٹرول میں ہے، مگر آئندہ دنوں میں حالات بدل سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں‌:گندم اور آٹے کی قیمتیں قابو سے باہر،بحران ختم نہ ہو سکا

متعلقہ خبریں