اہم خبریں

موسم، جانئے کب بارش اور کب برفباری ہو گی

اسلام آباد (اے بی این نیوز)ملک میں خشک موسم کے خاتمے کی نوید سناتے ہوئے محکمہ موسمیات نے مغربی ہواؤں کے نئے سسٹم کی پیشگوئی کر دی ہے، جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 16 سے 19 جنوری کے دوران مغربی ہواؤں کا سسٹم پنجاب میں داخل ہو گا، جس کے بعد موسم میں نمایاں تبدیلی متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 20 سے 23 جنوری کے دوران اسلام آباد، مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری ہو سکتی ہے۔ اس سسٹم کے زیر اثر پنجاب کے مختلف ڈویژنز جن میں لاہور، سرگودھا، گوجرانوالہ، ساہیوال، ملتان، فیصل آباد، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور شامل ہیں، وہاں بھی بارش کا امکان ہے جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 23 جنوری کو خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھی بارش اور برفباری متوقع ہے، جس کے باعث پہاڑی علاقوں میں سرد موسم مزید سخت ہونے کا خدشہ ہے۔دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے 16 سے 22 جنوری کے دوران شمالی علاقہ جات میں شدید برفباری کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق برفباری کے باعث سڑکوں کی بندش، پھسلن اور روزمرہ معمولات متاثر ہونے کا امکان ہے، لہٰذا متعلقہ اداروں اور عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے نے واضح کیا ہے کہ میدانی علاقوں میں برفباری سے متعلق گردش کرنے والی افواہیں بے بنیاد ہیں، تاہم بارش کے باعث سردی کی شدت بڑھ سکتی ہے۔ادھر گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ایمرجنسی سینٹر نے بھی مزید سخت سردی کا الرٹ جاری کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ سردی، بارش اور برفباری کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں۔

مزید پڑھیں :جدید ٹیکنالوجی کے فروغ سے سال 2026 میں بھی ٹیلی کام سیکٹر کو سائبر حملوں کا سامنا رہے گا،کیسپرسکی

متعلقہ خبریں