اہم خبریں

وزیراعظم صحت کارڈ کا باضابطہ اجرا کر دیا گیا

اسلام آباد (اے بی این نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم صحت کارڈ کا باضابطہ اجرا کر دیا، جسے عوام کے لیے صحت کی سہولتیں آسان اور قابلِ رسائی بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آج ایک ایسا دن ہے جب صحت کی سہولتیں عملی طور پر عوام کی دہلیز تک پہنچانے کا آغاز ہو رہا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ صحت کارڈ جیسے فلاحی منصوبے کی بنیاد 2016 میں سابق وزیراعظم نواز شریف نے رکھی تھی، جس کا مقصد عام شہری کو مہنگے علاج کے بوجھ سے نجات دلانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند قوم ہی ترقی، کھیلوں میں کامیابی اور ہر میدان میں بہتر کارکردگی دکھا سکتی ہے۔ صحت ہو گی تو نہ صرف کامیابیاں ملیں گی بلکہ چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی طاقت بھی پیدا ہو گی۔

وزیراعظم نے بتایا کہ اس مرحلے میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں وزیراعظم صحت کارڈ کا اجرا کیا جا رہا ہے، جس سے لاکھوں خاندان جدید اور معیاری علاج کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ سماجی تحفظ کے وژن کی عکاسی کرتا ہے اور حکومت صحت کے شعبے کو ترجیحی بنیادوں پر مضبوط بنا رہی ہے۔خطاب کے دوران وزیراعظم نے وزیرِ صحت کی جانب سے سندھ میں بھی صحت کارڈ کے اجرا کی تجویز کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک مثبت تجویز ہے اور وہ خود وزیراعلیٰ سندھ سے اس حوالے سے بات کریں گے، کیونکہ یقینی طور پر سندھ میں بھی صحت کے حوالے سے کوئی نہ کوئی پروگرام موجود ہے جسے مربوط کیا جا سکتا ہے۔

مزید پڑھیں :اسکولوں کے نئے اوقاتِ کار آگئے،جا نئے تفصیلات

متعلقہ خبریں