لاہور (اے بی این نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر کی شادی کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، جس پر جاتی امراء میں خوشیوں کا سماں ہے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق شادی کی تقریبات سادگی اور روایتی انداز میں منعقد کی جا رہی ہیں، تاہم تیاریوں کو انتہائی خوبصورتی کے ساتھ حتمی شکل دی گئی ہے۔
شادی کے سلسلے میں جاتی امراء کو دلکش روشنیوں سے سجا دیا گیا ہے، جس سے پورا ماحول جشن کا منظر پیش کر رہا ہے۔ آج مہندی کی تقریب منعقد کی جائے گی، جس میں قریبی عزیز و اقارب اور خاندان کے منتخب افراد شریک ہوں گے۔ تقریب میں روایتی رنگ، موسیقی اور ثقافتی انداز نمایاں ہونے کی توقع ہے۔
ذرائع کے مطابق شادی کی دیگر تقریبات بھی آئندہ دنوں میں طے شدہ شیڈول کے تحت انجام دی جائیں گی، جبکہ سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ جاتی امراء اور اطراف کے علاقوں میں حفاظتی اقدامات بڑھا دیے گئے ہیں تاکہ تقریبات پُرسکون ماحول میں مکمل ہو سکیں۔















