اہم خبریں

آج شب معراج، اللہ تعالیٰ نےاس بابرکت رات کے موقع پر امتِ مسلمہ کو نماز کا عظیم تحفہ عطا فرمایا، مولانا عبدالخبیر آزاد

لاہور (اے بی این نیوز)چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور معروف مذہبی اسکالر مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ امام الانبیاء حضرت محمد مصطفی ﷺ کو تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا گیا، اور آپ ﷺ کی ذات اقدس انسانیت کے لیے ہدایت، امن اور محبت کا کامل نمونہ ہے۔ انہوں نے شبِ معراج کی عظمت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اسی بابرکت رات حضور نبی کریم ﷺ کو اللہ تعالیٰ سے شرفِ ملاقات حاصل ہوا، جو امتِ مسلمہ کے لیے ایک عظیم روحانی اعزاز ہے۔

مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے شبِ معراج کے موقع پر امتِ مسلمہ کو نماز کا عظیم تحفہ عطا فرمایا، جو دینِ اسلام کا ستون اور مومن کی معراج ہے۔ نماز انسان کو برے کاموں سے روکتی ہے اور اس کے کردار کو سنوارتی ہے، اس لیے ہر مسلمان کو نماز کی پابندی کو اپنی زندگی کا لازمی حصہ بنانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ آج عالمِ اسلام کو جن چیلنجز اور مسائل کا سامنا ہے، ان کا واحد حل اتحاد، وحدت اور خلوصِ نیت کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع میں ہے۔ امتِ مسلمہ کی کامیابی قرآن و سنت پر عمل میں پوشیدہ ہے، اور اسی راستے پر چل کر مسلمان دنیا اور آخرت میں سرخرو ہو سکتے ہیں۔ مولانا عبدالخبیر آزاد نے زور دیا کہ فرقہ واریت اور انتشار امت کو کمزور کرتے ہیں، اس لیے باہمی اتحاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

مولانا عبدالخبیر آزاد کا کہنا تھا کہ پاکستان پورے عالمِ اسلام کا قلعہ ہے اور حرمین شریفین کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دفاع کے لیے پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ ملک دشمن طاقتیں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے ذریعے پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی سازشیں کر رہی ہیں، تاہم دشمن کا ناپاک ایجنڈا کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم کا اتحاد، اداروں پر اعتماد اور دینی و قومی شعور ہی پاکستان کو محفوظ اور مضبوط بنا سکتا ہے۔آخر میں مولانا عبدالخبیر آزاد نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن، استحکام اور ترقی عطا فرمائے اور امتِ مسلمہ کو باہمی اتحاد اور اخوت کی توفیق دے۔

مزید پڑھیں :4 دن کی چھٹی؟شہری خوش

متعلقہ خبریں