لاہور (اے بی این نیوز)بسنت کے موقع پر لاہور میں ممکنہ طور پر چار روزہ تعطیلات ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس سے شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تعطیلات کے حوالے سے باقاعدہ تجویز تیار کر لی گئی ہے، جس پر حتمی فیصلہ اعلیٰ حکام کی منظوری کے بعد متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق جمعرات 5 فروری کو یومِ کشمیر کے باعث سرکاری چھٹی پہلے ہی شیڈول ہے، جبکہ ہفتہ اور اتوار کی ہفتہ وار تعطیلات بھی معمول کے مطابق ہوں گی۔ ان تین چھٹیوں کے ساتھ ضلعی انتظامیہ نے جمعہ کے روز اضافی چھٹی کی تجویز دی ہے، جس کی منظوری کی صورت میں لاہور میں مسلسل چار دن کی تعطیلات ملنے کا امکان ہے۔
ممکنہ تعطیلات کے باعث شہر میں ٹریفک دباؤ معمول سے کم رہنے کی توقع کی جا رہی ہے۔ سڑکوں پر گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی تعداد میں کمی آنے سے شہریوں کو آمد و رفت میں سہولت ملے گی، جبکہ فضائی آلودگی میں بھی عارضی کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ادھر لاہور میں بسنت کے جشن کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ مختلف علاقوں میں پتنگ بازی اور بسنت سے منسلک تقریبات کے انعقاد کی توقع ہے، جو 6، 7 اور 8 فروری کو عروج پر ہوں گی۔ شہری بڑی تعداد میں ان تقریبات میں شرکت کے لیے پرجوش نظر آ رہے ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بسنت کے دوران حفاظتی تدابیر پر خصوصی توجہ دیں، پتنگ بازی کے دوران محتاط رہیں اور ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کی سہولت اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے بسنت کے دنوں میں اضافی ٹریفک اور سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔
مزید پڑھیں :رجب بٹ کو صدمہ















