ڈربن(نیوزڈیسک)جنوبی افریقا کے مقبول ترین ریپرز میں سرفہرست کیرنن فوربس ایک نائٹ کلب میں داخل ہونے سے قبل ہونے والے حملے میں ہلاک ہوگئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق AKA کے نام سے شہرت رکھنے والے جنوبی افریقا کے مقبول ترین ریپر 35 سالہ کیرنن فوربس ڈربن کے ساحل پر بنے نائٹ کلب میں سالگرہ کی تقریب میں پرفارمنس کے لیے پہنچے تھے۔کیرنن فوربس اپنے دوست کے ہمراہ کار پارک کرکے نائٹ کلب میں داخل ہی ہونے والے تھے کہ پیدل حملہ آور نے ان پر گولیاں برسا دیں جس کے نتیجے میں فوربس اور ان کے دوست موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔فائرنگ کے بعد حملہ آور پیدل ہی فرار ہوگیا جس کی تلاش میں پولیس نے چھاپہ مار کارروائی شروع کردی ہے تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔ تاحال قتل کے محرکات کا بھی تعین نہیں ہوسکا ۔
