اسلام آباد(اے بی این نیوز)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈیڈ لائن ختم ہوگئی، آج سے بغیر ایم ٹیگ گاڑیاں شہر میں داخل نہیں ہوسکیں گی، حکومت نے تاحال ڈیڈ لائن میں توسیع کا فیصلہ نہیں کیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے شہر کے انٹری پوائنٹس پر بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم دیا تھا،ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن نے شہریوں کو گزشتہ روز ہر صورت اپنی گاڑیوں پر ایم ٹیگ لگوانے کی ہدایت کی تھی۔
ڈی سی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ شہر بھر میں 16ایم ٹیگ سینٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں ڈیڑھ لاکھ سے زائد گاڑیاں ایم ٹیگ لگوا چکی ہیں، شہر کے 12 انٹری پوائنٹس اور مختلف ناکوں پر بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کی نشاندہی کیلئے ریڈرز کی تنصیب عمل میں لائی گئی ہے ہے جو مکمل فعال ہیں۔ ریڈرز کے فعال ہوتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا، ڈی ئی ایکسائز بلال اعظم نے شہریوں کی سہولت کیلئے ایم ٹیگ سینٹرز کے اوقات میں توسیع کا اعلان کیا تھا۔
ایم ٹیگ کا مقصد شہر اقتدار کو شہریوں کیلئے محفوظ ترین بنانا تھا۔ اس سے قبل وزارتِ داخلہ نے گاڑیوں کو ایم ٹیگ لگوانے کیلئے 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن مقرر کی تھی جس میں بعد ازاں 15روز کی اضافی مہلت بھی دی گئی، شہری انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہر کے انٹری پوائنٹس پر چیکنگ جاری رہے گی اور بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔
مزید پڑھیں۔سکولوں کی چھٹیوں میں توسیع ہو گی یا نہیں؟ وزیر تعلیم نے بتا دیا















