اہم خبریں

ٹرمپ کی غیر ممالک میں مداخلت اور جنگی اقدامات کو امریکی عوام نے مسترد کر دیا

واشنگٹن( اے بی این نیوز        )امریکا میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی غیر ممالک میں مداخلت، دھمکی آمیز بیانات اور فوجی اقدامات پر عوامی ناپسندیدگی کھل کر سامنے آ گئی ہے۔ امریکی میڈیا میں بدھ کو جاری ہونے والے دو بڑے سرویز کے مطابق اکثریتی امریکی ووٹرز نے ٹرمپ کی جارحانہ خارجہ پالیسی کو مسترد کرتے ہوئے فوجی کارروائیوں کی مخالفت کی ہے۔اے پی نورک سینٹر فار پبلک افیئرز ریسرچ اور کوئن پیاک یونیورسٹی کی سروے رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ امریکی عوام وینزویلا میں مداخلت اور گرین لینڈ سے متعلق دھمکیوں کو قابل قبول نہیں سمجھتے۔ سرویز کے مطابق شہریوں کی بڑی تعداد کا ماننا ہے کہ صدر بیرونِ ملک معاملات میں حد سے زیادہ مداخلت کر رہے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق زیادہ تر امریکی ووٹرز ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے بھی مخالف ہیں۔ کوئن پیاک یونیورسٹی کے سروے میں 70 فیصد رجسٹرڈ ووٹرز نے ایران میں امریکی فوجی مداخلت کی مخالفت کی، حتیٰ کہ اس صورت میں بھی جب ایران میں حکومت مخالف مظاہروں کے دوران ہلاکتیں ہوں۔ صرف 18 فیصد افراد نے فوجی اقدام کی حمایت کی۔یہ مخالفت واضح طور پر جماعتی بنیادوں پر بھی دیکھی گئی۔ 79 فیصد ڈیموکریٹس اور 80 فیصد آزاد ووٹرز نے فوجی کارروائی کے خلاف رائے دی، جبکہ ری پبلکنز میں بھی 53 فیصد افراد نے امریکا کو غیر ملکی تنازعات سے دور رہنے کا حامی قرار دیا۔

سروے میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ 70 فیصد ووٹرز کے نزدیک کسی بھی فوجی کارروائی سے قبل کانگریس کی منظوری لازمی ہونی چاہیے۔ ٹرمپ کی جانب سے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو سے متعلق اقدامات پر کانگریس کی منظوری نہ لینے پر دونوں بڑی جماعتوں کے قانون سازوں نے تنقید کی ہے۔اسی تناظر میں ری پبلکن پارٹی کے پانچ سینیٹرز—رینڈ پال، لیزا مرکوسکی، سوزن کولنز، ٹوڈ ینگ اور جوش ہالی—نے ڈیموکریٹس کے ساتھ مل کر ایسی قانون سازی کی حمایت کی ہے جس کے تحت وینزویلا میں کسی بھی فوجی اقدام سے پہلے کانگریس کی اجازت لازم ہو گی۔

ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ٹروتھ سوشل‘‘ پر ان سینیٹرز کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہیں ’’شرمندہ‘‘ ہونا چاہیے اور یہ کہ ایسے افراد کو دوبارہ کسی عہدے پر منتخب نہیں ہونا چاہیے، کیونکہ ان کے بقول یہ قومی سلامتی کے لیے نقصان دہ ہے۔

سرویز کے مطابق امریکی عوام ٹرمپ انتظامیہ کی دیگر جارحانہ کوششوں، خصوصاً گرین لینڈ پر کنٹرول کے منصوبے، کے بھی خلاف ہیں۔ 86 فیصد ووٹرز نے گرین لینڈ پر قبضے کے لیے فوجی طاقت کے استعمال کی مخالفت کی، جبکہ 55 فیصد نے اسے خریدنے کے خیال کو بھی مسترد کر دیا۔اسی طرح ایک علیحدہ اے پی سروے میں یہ رجحان بھی سامنے آیا کہ امریکیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد چاہتی ہے کہ امریکا عالمی سیاست میں کم فعال کردار ادا کرے اور غیر ملکی تنازعات سے دور رہے۔
مزید پڑھیں :شدید بارشیں،برفباری کا خدشہ ، پی ڈی ایم اے کا ہائی الرٹ نافذ

متعلقہ خبریں