لاہور(اے بی این نیوز )صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے پنجاب میں متوقع بارشوں، شدید سردی اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ شہریوں کو محتاط رہنے اور متعلقہ اداروں کو مکمل تیاری کی ہدایات دے دی گئی ہیں۔پی ڈی ایم اے کے مطابق 16 سے 19 جنوری کے دوران مغربی ہواؤں کا ایک طاقتور سسٹم پنجاب میں داخل ہوگا، جس کے باعث موسم میں نمایاں تبدیلی متوقع ہے۔ اس کے بعد 20 سے 23 جنوری کے دوران مری، گلیات اور دیگر بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے، جبکہ پنجاب کے میدانی اضلاع میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ کے مطابق لاہور، سرگودھا، گوجرانوالہ، ساہیوال، ملتان اور بہاولپور ڈویژن بارش سے متاثر ہو سکتے ہیں، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ ٹھنڈی ہواؤں، دھند اور پھسلن کے باعث ٹریفک اور روزمرہ معمولات متاثر ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔پی ڈی ایم اے نے لوکل گورنمنٹ، محکمہ صحت، ریسکیو 1122، پولیس اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایات کے تحت تمام متعلقہ محکموں کو فیلڈ میں الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کا کہا گیا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کے مطابق صوبے بھر کے ایمرجنسی کنٹرول رومز میں عملہ 24 گھنٹے الرٹ رہے گا، جبکہ ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر رسپانس ٹیموں کو بھی فوری کارروائی کے لیے متحرک کر دیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا میں موسم ایک بار پھر شدت اختیار کرنے والا ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق 20 سے 23 جنوری کے دوران بالائی اضلاع میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، جبکہ میدانی علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش متوقع ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق صوابی، مردان، چارسدہ، نوشہرہ اور بنوں سمیت دیگر میدانی اضلاع بارشوں سے متاثر ہو سکتے ہیں۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ بارش کے بعد میدانی علاقوں میں دھند چھانے اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی کا خدشہ ہے، جس سے معمولات زندگی متاثر ہو سکتے ہیں۔
ادھر پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ حساس مقامات پر آمدورفت میں احتیاط برتی جائے اور غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے۔پشاور میں پی ڈی ایم اے کی جانب سے ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کو پیشگی اقدامات کے لیے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔محکمہ نے سیاحوں کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ برفباری کے دوران سفر کرنے والے افراد پانی، خوراک، ضروری ادویات اور گرم کپڑے ہمراہ رکھیں، جبکہ موسم اور سڑکوں کی صورتحال سے باخبر رہ کر ہی سفر کریں۔
مزید پڑھیں :موسم سرما کی چھٹیاں، تعلیمی ادارے کب کھلیں گے، چھٹیوں میں اضافہ ہو گا یا نہیں،جا نئے تفصیلات















