ڈیرہ(اے بی این نیوز)ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کرنے والے 2 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ڈیرہ اسماعیل خان میں رات گئے نامعلوم مسلح دہشتگردوں نے پولیس چیک پوسٹ کھتی پر حملہ کیا، تاہم پولیس کی بروقت اور بھرپور جوابی کارروائی کے نتیجے میں حملہ ناکام بنا دیا گیا۔
پولیس کےمطابق دہشتگردوں نےاچانک فائرنگ شروع کی جس پر پولیس اہلکاروں نے فوری طور پر جواب دیا۔ دونوں اطراف سےشدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا،جس کے دوران پولیس نے مؤثرکارروائی کرتے ہوئے دو دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا،واقعے کے دوران ایک پولیس جوان معمولی زخمی ہوا، جسے فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او سجاد احمد صاحبزادہ خود موقع پر پہنچ گئے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔
ڈی پی او کےمطابق ایس پی صدر، ڈی ایس پی سٹی اور ڈی ایس پی سببرب سمیت دیگر پولیس افسران بھی نفری کےہمراہ موقع پرموجود رہے۔ انہوں نےکہا کہ پولیس جوانوں نےدلیری اورجوانمردی سےدہشتگردوں کا مقابلہ کیا،پولیس فورس کا مورال بلند ہے اور علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹا جا سکے۔
دوسری جانب بنوں سینٹرل جیل کے گیٹ پر دہشتگردوں کی جانب سے دستی بم حملہ کیا گیا۔ پولیس کے مطابق حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، البتہ دہشت گرد فرار ہوگئے۔
مزید پڑھیں۔ڈالر کے 250 روپے سے نیچے آنے کے قوی امکانات ہیں، ملک بوستان کی پیش گوئی















