اہم خبریں

8 فروری کی کال علیمہ خان نے نیا پنڈوڑا باکس کھول دیا،جا نئے کیا

راولپنڈی (اے بی این نیوز    ) علیمہ خان نے واضح کیا ہے کہ 8 فروری کو ہونے والے احتجاج کی کال بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے نہیں دی گئی بلکہ یہ اپوزیشن اتحاد کی کال ہے، جسے غلط رنگ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ عدالت کو آگاہ کر دیا گیا ہے کہ عمران خان نے صرف عدلیہ کی آزادی کے لیے پرامن احتجاج کی بات کی تھی۔ ان کے مطابق مسئلہ یہ ہے کہ جو لوگ آواز اٹھا رہے ہیں، انہیں ہی جیلوں میں ڈالا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ملک میں قانون کی بالادستی چاہتے ہیں اور انہوں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ لوگ ان کی ذات کے لیے باہر نکلیں۔ ان کا مؤقف تھا کہ اگر عدالتی نظام سے انصاف مل رہا ہوتا تو آج عمران خان اس حالت میں نہ ہوتے۔

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ اڈیالہ جیل کے باہر قرآن خوانی جیسے عمل کو بھی جرم بنا دیا گیا ہے اور عدلیہ کی آزادی کے لیے نکلنے والوں کے خلاف کارروائیاں ہو رہی ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ عمران خان کو غیر قانونی طور پر قید تنہائی میں رکھا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ رات واپسی پر روات تھانے کے ایس ایچ او نے ان کے ساتھ موجود افراد کو گرفتار کیا اور متعدد گاڑیاں تحویل میں لے لی گئیں۔ ان کے مطابق تین خواتین کارکنان کو گرفتار کیا گیا جبکہ آٹھ سے زائد گاڑیاں قبضے میں لی گئیں، جنہیں چھڑوانے کے لیے پولیس کو پیسے دینا پڑے۔

علیمہ خان نے ایک بار پھر دہرایا کہ 8 فروری کی احتجاجی کال عمران خان کی طرف سے نہیں دی گئی بلکہ یہ اپوزیشن اتحاد کی کال ہے، جسے جان بوجھ کر بانی پی ٹی آئی سے جوڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
مزید پڑھیں :ایران پر نئی جنگ مسلط کی گئی تو نتائج مختلف ہوں گے، ایرانی سفیر

متعلقہ خبریں