اہم خبریں

امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنائیں گے،ایران نے انتباہ جاری کر دیا

تہران (اے بی این نیوز    ) ایران نے امریکا کے ممکنہ حملے کی صورت میں واضح انتباہ جاری کرتے ہوئے امریکی اتحادی ممالک کو خبردار کر دیا ہے کہ کسی بھی فوجی کارروائی کا جواب مشرقِ وسطیٰ میں قائم امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنا کر دیا جائے گا۔

تہران میں ذرائع کے مطابق ایک سینئر ایرانی عہدیدار نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ایران نے خطے میں امریکا کے اتحادی ممالک کو باقاعدہ پیغام پہنچا دیا ہے۔ ایران نے ان ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ واشنگٹن کو ایران کے خلاف کسی بھی فوجی اقدام سے روکیں، بصورت دیگر نتائج سنگین ہو سکتے ہیں۔

ایرانی عہدیدار کے مطابق سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور ترکیے سمیت خطے کے کئی ممالک کو آگاہ کر دیا گیا ہے کہ اگر امریکا نے ایران پر حملہ کیا تو ان ممالک میں موجود امریکی فوجی اڈے بھی ایران کی جوابی کارروائی کی زد میں آئیں گے۔

ادھر امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے رپورٹ کیا ہے کہ سعودی عرب کی قیادت میں خلیجی ممالک ایران پر ممکنہ امریکی حملے کے سخت مخالف ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سعودی عرب، قطر اور عمان نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی فوجی کارروائی سے عالمی تیل کی منڈی شدید متاثر ہو سکتی ہے، جس کے اثرات امریکی معیشت تک بھی پہنچ سکتے ہیں۔

اخبار کے مطابق سعودی حکام نے تہران کو یقین دہانی بھی کرائی ہے کہ وہ ایران کے خلاف کسی بھی تنازع میں فریق نہیں بنیں گے اور نہ ہی امریکا کو ایران پر حملے کے لیے اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دی جائے گی۔

خطے میں بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں یہ بیانات عالمی سطح پر تشویش کا باعث بنے ہوئے ہیں، جب کہ آنے والے دنوں میں صورتحال کے مزید حساس ہونے کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

مزید پڑھیں :امریکہ کا 24 گھنٹوں میں ایران پر اٹیک،یورپی حکام کا انکشاف

متعلقہ خبریں