اسلام آباد (اے بی این نیوز )وزیراعظم شہباز شریف سے ورلڈ لبرٹی فنانشل کے وفد نے اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل اور مالیاتی جدت سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ملاقات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب بھی شریک تھے۔ اس موقع پر پاکستان اور ورلڈ لبرٹی فنانشل کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے۔
مفاہمتی یادداشت کے تحت ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام میں جدت، مالیاتی ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل فنانس کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ وفد کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل ادائیگی اور مالیاتی جدت کسی بھی جدید ڈیجیٹل معیشت کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ورلڈ لبرٹی فنانشل کے وفد نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں نوجوانوں کی بڑی آبادی ڈیجیٹل معیشت سے جڑی ہوئی ہے اور یہی وجہ ہے کہ ملک ڈیجیٹل فنانس کے میدان میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ وفد نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مل کر ڈیجیٹل معیشت کے دائرہ کار کو مزید وسیع کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وفد کو ڈیجیٹل پاکستان کے وژن سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگی اور مالیاتی جدت ڈیجیٹل معیشت کے اہم ستون ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تیزی سے عالمی مالیاتی فنانس کا حصہ بن رہا ہے۔وزیراعظم نے پاکستان کی ڈیجیٹل مالیاتی مارکیٹس میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بڑھتی ہوئی بین الاقوامی دلچسپی کو خوش آئند قرار دیا اور اس اعتماد کو ملکی معیشت کے لیے مثبت پیش رفت قرار دیا۔
مزید پڑھیں :پی ٹی آئی اور ،پنجاب حکومت آمنے سامنے















