لاہور (اے بی این نیوز ) ماسکو اس وقت شدید سردی اور بھاری برفباری کی لپیٹ میں ہے، جہاں رواں ماہ موسمی تاریخ کے بڑے ریکارڈ ٹوٹتے جا رہے ہیں اور شہری زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔
روسی دارالحکومت میں مسلسل برفباری کے باعث حالات غیر معمولی ہو گئے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ماسکو میں جنوری کے دوران 146 برس پرانا ریکارڈ ٹوٹ چکا ہے اور یہ رواں ماہ کی پانچویں شدید برفباری ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں کئی فٹ تک برف جمع ہو چکی ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق صرف ویک اینڈ پر ایک ملین کیوبک میٹر سے زائد برف صاف کی گئی، تاہم اس کے باوجود ٹرانسپورٹ کا نظام متاثر رہا۔ بسیں، ٹرینیں اور دیگر سفری سہولیات سست روی کا شکار ہیں، جب کہ شہریوں کو روزمرہ امور انجام دینے میں بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
موسم کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ آج ماسکو میں درجہ حرارت منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ماہرین موسمیات نے آئندہ دنوں میں مزید برفباری کی پیش گوئی بھی کی ہے، جس سے صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔
شدید سردی اور بار بار برفباری نے ماسکو کے باسیوں کو گھروں تک محدود کر دیا ہے، جب کہ سوشل میڈیا پر شہر کی برف سے ڈھکی سڑکوں اور عمارتوں کی ویڈیوز اور تصاویر بھی تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔
مزید پڑھیں :جنید صفدر کی دوسری شادی ،جا نئے دلہن کا نام اور شادی کی تاریخ















