اہم خبریں

اڈیالہ جیل،پی ٹی آئی کارکن منتشر،دھرنا ختم،عمران خان کی تینوں بہنیں فیکٹری ناکہ پر موجود

راولپنڈی (  اے بی این نیوز       ) پولیس نے فیکٹری ناکہ کے مقام پر موجود پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کو منتشر کر دیا، جس کے بعد دھرنا ختم ہو گیا۔ منتشر ہونے والے کارکن گورکھپور چوک کی جانب روانہ ہو گئے۔ موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔فیکٹری ناکہ پر بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنیں چند کارکنان کے ہمراہ موجود رہیں، جبکہ سینئر رہنما اور قانونی ماہر سلمان اکرم راجہ بھی اڈیالہ جیل کے فیکٹری ناکہ پر پہنچ گئے۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے تفصیلی گفتگو کی۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ اڈیالہ جیل انتظامیہ کو ملاقات کے لیے باضابطہ لسٹ فراہم کرنے کے باوجود کسی کو بھی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ صورتحال ہر ہفتے دہرائی جا رہی ہے اور ملاقاتوں سے جان بوجھ کر روکا جا رہا ہے، جو بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کراچی اور سندھ کے حالیہ دورے کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہا کہ کراچی، حیدرآباد اور سندھ بھر میں عوام نے بھرپور عزم اور وابستگی کا اظہار کیا۔ سلمان اکرم راجہ کے مطابق عوام آزادی کی خواہش میں گھروں سے باہر نکل آئے ہیں اور ملک بھر کے عوام حبس اور گھٹن سے بیزار ہو چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 8 فروری 2024 کے انتخابات مبینہ طور پر لوٹے جانے پر عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کراچی میں 22 میں سے 21 نشستیں 8 فروری کو جیتی گئیں اور عوام آج بھی وہیں کھڑی ہے جہاں اُس دن تھی، بلکہ اس سے بھی آگے بڑھ چکی ہے۔سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے لیے عوام کی لگن اور آزادی کی خواہش پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہو چکی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ 8 فروری کو ڈی چوک جانے کا کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا، جبکہ علامہ ناصر اور اچکزئی کے بیانات سب کے سامنے ہیں۔
آخر میں انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ دنوں میں ملک بھر میں ریلیاں اور جلسے منعقد کیے جائیں گے۔ عوام سے اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوگ شٹر ڈاؤن کریں اور گھروں میں رہ کر اپنے غصے اور بیزاری کا پُرامن اظہار کریں۔ سیاسی صورتحال پر نظر رکھنے والوں کے مطابق آنے والے دنوں میں تحریک انصاف کی سرگرمیوں میں مزید تیزی آ سکتی ہے۔

مزید پڑھیں :بریک تھرو،عمران خان سے ملاقات کرا دی گئی،جا نئے کس سے

متعلقہ خبریں