اسلام آباد ( اے بی این نیوز ) حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کا مسئلہ صرف ایک خطے کا نہیں بلکہ پوری امت کا مسئلہ ہے۔مشعال ملک نے الزام عائد کیا کہ بھارتی حکومت حریت رہنما یاسین ملک پر شدید تشدد کر رہی ہے اور انہیں بدترین ذہنی و جسمانی اذیت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یاسین ملک کو آوازِ حق بلند کرنے کی سزا دی جا رہی ہے، مگر ظلم و جبر کے ہتھکنڈے کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔انہوں نے واضح کیا کہ تحریکِ آزادی کشمیر کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ مشعال ملک کے مطابق کشمیری عوام دہائیوں سے قربانیاں دے رہے ہیں اور یہ جدوجہد کسی ایک فرد کی نہیں بلکہ پوری قوم کی آواز ہے۔
یاسین ملک کی جدوجہد کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم ان کے مشن کو ہر صورت آگے بڑھائیں گے اور عالمی ضمیر کو جھنجھوڑتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یاسین ملک کی قربانیاں اور استقامت آزادی کی جدوجہد کو مزید مضبوط بنا رہی ہیں۔مشعال ملک نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیریوں کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی اور ایک دن کشمیر ضرور آزادی کی منزل حاصل کرے گا۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی مظالم کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا حقِ خود ارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
مزید پڑھیں :سونے کی اپ ڈیٹ،جا نئے نئی قیمت فی تولہ کیا ہے















