اہم خبریں

پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی اجلاس، سیا سی اسیران اور سہیل آفریدی کے حوالے سے اہم قرار داد منظور،جا نئے کیا

اسلام آباد( اے بی این نیوز    ) پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا، جس کی صدارت پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کی۔ اجلاس میں قومی اسمبلی کے ارکان کی بھرپور شرکت رہی اور پارٹی نے بانی عمران خان سمیت تمام سیاسی اسیران کے حق میں واضح موقف اختیار کیا۔

اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ سیاسی بنیادوں پر قائم کیے گئے تمام مقدمات فوری طور پر ختم کیے جائیں، اور عمران خان اور دیگر قائدین کے قانونی اور سیاسی حقوق کی مکمل بحالی یقینی بنائی جائے۔ اس میں خاص طور پر یہ بات دہرائی گئی کہ سیاسی قائدین کے ملاقاتوں اور رابطوں پر کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے، اور ان پر ایسے اقدامات نہیں ہونے چاہئیں جو پارلیمانی جمہوریت اور شہری حقوق کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہوں۔

پارلیمانی پارٹی نے تحریکِ تحفظِ آئین پاکستان کے قائدین کے لاہور اور کراچی کے دوروں کی کامیابی کو سراہا اور کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے کارکنان پر غیر قانونی رکاوٹیں، لاٹھی چارج اور پولیس کی غنڈہ گردی جمہوری اقدار کے منافی ہیں۔ اجلاس میں یہ بھی کہا گیا کہ کراچی اور سندھ میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے دورے کے دوران رکاوٹیں ڈالنا، اور سندھی ٹوپی و اجرک کی ثقافتی توہین ناقابل قبول ہے۔

اجلاس میں عوام کے حقوق، آزادیٔ اظہار، آزادیٔ اجتماع، اور آزادانہ نقل و حرکت کی حفاظت پر زور دیا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ خیبر پختونخوا میں بلائے گئے امن جرگے کے متفقہ اعلامیے پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

پارلیمانی پارٹی نے قائد حزب اختلاف اور دیگر اراکین کو ان کی قربانیوں پر خراجِ تحسین پیش کیا، خاص طور پر ان ارکان کو جنہیں غیر جمہوری طریقے سے ڈی سیٹ کیا گیا۔ اجلاس میں ملک میں موجودہ سیاسی صورتحال کو نہایت نازک اور پیچیدہ قرار دیتے ہوئے تمام جمہوری قوتوں سے نئے میثاقِ جمہوریت پر اتفاق کرنے، الیکشن کمیشن کی تشکیل نو، اور شفاف و منصفانہ انتخابات کے انعقاد کا مطالبہ کیا گیا تاکہ حقیقی عوامی نمائندے منتخب ہو سکیں اور ملک میں مستحکم حکومت قائم ہو۔یہ اجلاس واضح کرتا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف نہ صرف اپنے قائدین کے حقوق کی حفاظت پر سرگرم ہے بلکہ ملک میں جمہوری عمل، شفافیت اور عوامی نمائندگی کے فروغ کے لیے بھی مضبوط موقف رکھتی ہے۔
مزید پڑھیں :بجلی صارفین ہو جائیں تیار،بڑا جھٹکا لگنے والا ہے،ہزاروں ارب کا بوجھ ڈالنے کی منصوبہ بندی بے نقاب،جا نئے تفصیلات

متعلقہ خبریں