اسلام آباد(اے بی این نیوز )چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی نے حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران پہلے خود کو ’سپر اسپیڈ‘ قرار دیتے رہے، اور اب حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ وہ کسی ’ونڈر بوائے‘ کی تلاش میں مصروف دکھائی دیتے ہیں۔پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے مطالبہ کیا کہ اپوزیشن لیڈر کے نوٹیفکیشن میں مزید تاخیر ناقابلِ قبول ہے اور حکومت کو فوری طور پر یہ معاملہ حل کرنا چاہیے، کیونکہ اب رکاوٹ کی کوئی آئینی یا سیاسی وجہ باقی نہیں رہی۔
انہوں نے کہا کہ نئے سال کا آغاز ہو چکا ہے، مگر ملک کے مسائل وہی کے وہی ہیں۔ عوام مہنگائی، بے روزگاری اور عدم استحکام کا شکار ہیں، جبکہ حکومت کی کارکردگی میں کوئی واضح بہتری نظر نہیں آ رہی۔
بیرسٹر گوہر نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے سندھ کے دورے کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ مجموعی طور پر یہ دورہ کامیاب رہا، تاہم سندھ حکومت کی جانب سے آخری دن کا رویہ جمہوری اقدار کے مطابق نہیں تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتوں کو مقامی ثقافت اور روایات کا احترام کرنا چاہیے تھا، خاص طور پر ٹوپی اور اجرک جیسے ثقافتی تشخص کو عزت دینا ضروری ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ پاکستان میں سیاست کرنے والوں کو عوام کی آواز سننی ہوگی، کیونکہ اصل طاقت عوام کے پاس ہے۔ انہوں نے ملک میں دہشت گردی کی ہر شکل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امن و استحکام کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔بیرسٹر گوہر کے بیان کے بعد سیاسی حلقوں میں ایک بار پھر حکومت کی کارکردگی، اپوزیشن کے حقوق اور جمہوری روایات پر بحث تیز ہو گئی ہے، جبکہ یہ بیان سوشل میڈیا پر بھی خاصا وائرل ہو رہا ہے۔
مزید پڑھیں :ملک بھر میں آٹا مزید مہنگا















