ریاض (اے بی این نیوز)مقامی ذرائع کے مطابق ناصر بن رادان الراشد سعودی عرب کے سب سے عمر رسیدہ شہری تھے، جو 142 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کی نماز جنازہ مملکت کے جنوبی علاقے “ظہران الجنوب” میں ادا کی گئی، جس کے بعد انہیں اپنے آبائی گاؤں “الرشید” میں دفن کیا گیا۔
جنازے میں 7 ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی، جنہوں نے اس عظیم شخص کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
ناصر بن رادان الراشد سعودی عرب کے اتحاد سے قبل پیدا ہوئے اور انہوں نے مملکت کے بانی شاہ عبدالعزیز سے لے کر موجودہ بادشاہ شاہ سلمان تک کئی اہم رہنماؤں کے دور حکومت کو دیکھا۔ ان کی زندگی سعودی عرب کی تاریخ کے کئی اہم موڑ کا عکاس ہے۔
ان کے پسماندگان میں 134 بچے اور پوتے پوتیاں شامل ہیں۔ اطلاعات کے مطابق، انہوں نے 110 سال کی عمر میں آخری شادی کی تھی اور ان کے بعد ایک بیٹی کی پیدائش ہوئی۔ اہل خانہ کے مطابق، ناصر بن رادان الراشد کو 40 سے زائد بار حج کی سعادت حاصل ہوئی۔
ان کی طویل اور بھرپور زندگی سعودی تاریخ کا ایک اہم باب ہے، جس میں انہوں نے مملکت کی ترقی اور تبدیلی کو اپنی آنکھوں سے دیکھا۔
مزید پڑھیں: بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلرڈاکٹر ملک محمد افضل چن انتقال کر گئے















