اسلام آباد (اے بی این نیوز) ملتان سلطانز کے سابق کپتان محمد رضوان پی ایس ایل 11 کے ڈرافٹ سے قبل ایک بار پھر خبروں کا مرکز بن گئے۔ اگر ملتان سلطانز نے انہیں رہا کرنے کا فیصلہ کیا تو نئی فرنچائز سیالکوٹ انہیں اپنی ٹیم میں شامل کرنے کے لیے ایک مضبوط امیدوار کے طور پر ابھر رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سیالکوٹ فرنچائز محمد رضوان کو کپتان بنانے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے بشرطیکہ وہ ملتان سلطانز سے دستیاب ہوں۔ نئی فرنچائز اپنی ٹیم کی بنیاد رکھنے کے لیے ایک تجربہ کار پاکستانی بین الاقوامی کھلاڑی کو قیادت سونپنے کی خواہشمند ہے۔
سیالکوٹ انتظامیہ کوچنگ اسٹاف کے لیے مختلف آپشنز پر بھی غور کر رہی ہے اور سابق آل راؤنڈر اظہر محمود کو کوچ بنانے کی خبریں بھی گردش کر رہی ہیں تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔
سیالکوٹ فرنچائز کے مالک حمزہ مجید پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ ٹیم کا کپتان پاکستان یا آسٹریلیا سے ہو گا جس کے بعد محمد رضوان کا نام مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آ رہا ہے۔
دوسری جانب ملتان سلطانز میں بھی قیادت کے حوالے سے صورتحال غیر یقینی ہے۔ محمد رضوان کے کپتانی چھوڑنے کے بعد جب پاکستان کرکٹ بورڈ نے علی ترین کے جانے کے بعد فرنچائز کے انتظامی امور سنبھالے تو قیادت کے لیے نئے ناموں پر غور کیا گیا جس میں سلمان علی آغا کو ممکنہ کپتان تصور کیا جا رہا ہے۔
ادھر سیالکوٹ فرنچائز کی تیاریاں زوروں پر ہیں، فرنچائز انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹیم کا آفیشل نام، صدر اور لوگو آئندہ چند روز میں سامنے آ جائے گا، جس کے ساتھ پی ایس ایل کے توسیعی سیزن 2026 سے قبل ٹیم کی شناخت مکمل ہو جائے گی۔
مزید پڑھیں:سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 11 خوارج ہلاک















