اسلام آباد(اے بی این نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ انہیں خیبرپختونخوا کے عوام کو درپیش مسائل کا مکمل ادراک ہے اور وفاقی حکومت ان مسائل کے پائیدار حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
وزیراعظم سے خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندگان نے ملاقات کی، جس میں صوبے کی مجموعی صورتحال، ترقیاتی ضروریات اور عوامی مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ وفاق خیبرپختونخوا کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے خیبرپختونخوا میں وفاقی ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر نگرانی اور تیز رفتار تکمیل کے لیے ایک خصوصی کمیٹی کے قیام کا اعلان بھی کیا۔ کمیٹی صوبے میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لے گی اور پیش رفت سے متعلق وزیراعظم کو رپورٹ پیش کرے گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے اور صوبے کو ترقی کے قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری رہیں گے۔
مزید پڑھیں:پاکستان کا زمین سے فضا تک مار کرنیوالے ایل وائی 80 میزائل کا تجربہ















