لاہور (اے بی این نیوز) انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں خدیجہ شاہ سمیت 6 ملزمان کو اشتہاری قرار دے دیا۔
جناح ہاؤس حملہ کیس میں اے ٹی سی نے خدیجہ شاہ سمیت 6 ملزمان کو مفرور قرار دیتے ہوئے ان کے دائمی وارنٹ جاری کر دیے ہیں۔ ملزمان میں فیصل اختر، عادل سعید، سید ارسلان، قاسم منہاس اور عبداللہ حسن شامل ہیں جو مقدمے کی سماعت کے لیے عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
سرکاری وکیل نے کہا کہ خدیجہ شاہ 9 مئی کے ایک مقدمے میں سزا سنائے جانے کے بعد روپوش ہوگئی ہیں، دیگر ملزمان گرفتاری کے خوف سے پیش نہیں ہو رہے، انہیں پیش ہونے کا وقت دیا گیا تھا لیکن پیش نہیں ہوئیں۔
20 ستمبر 2025 کو خدیجہ شاہ نے جلاؤ گھیراؤ کیس میں سزا کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ انہوں نے وکیل سمیر کھوسہ ایڈووکیٹ کے ذریعے عدالت میں اپیل دائر کی تھی جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا تھا کہ ان کا کیس سے کوئی تعلق نہیں۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ خدیجہ شاہ کو سیاسی بنیادوں پر کیس میں پھنسایا گیا۔
واضح رہے کہ لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ کیسز میں عمران خان کی بہن علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے دیگر ملزمان کی درخواست ضمانت میں 31 اکتوبر تک توسیع کی تھی۔
مزید پڑھیں:پی ٹی آئی رہنما کی اہلیہ نے پٹیشن دائر کر دی















