اسلام آباد ( اے بی این نیوز ) اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کل منعقد ہو رہے ہیں، جس میں وکلاء برادری بھرپور دلچسپی لے رہی ہے۔ انتخابات کے دوران 4200 سے زائد وکلاء اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے، جبکہ پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہے گا۔ پولنگ کے دوران دوپہر 1 بجے سے 2 بجے تک وقفہ رکھا گیا ہے۔
اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کی مجموعی طور پر 6 نشستوں کے لیے پولنگ ہوگی، جن پر 14 امیدوار مدمقابل ہیں۔ ان انتخابات میں 6 خواتین وکلاء بھی مختلف عہدوں کے لیے میدان میں موجود ہیں، جو وکلاء برادری میں بڑھتی ہوئی نمائندگی کی عکاسی کرتا ہے۔
صدر کی نشست پر دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے، جہاں نعیم گجر اور راجہ یاسر شکیل کے ساتھ شبانہ رفیق اور میاں محمد ارشد جاوید بھی امیدوار ہیں۔ سیکرٹری کی نشست پر راجہ خاور دھنیال اور محمد سہیل خورشید گجر آمنے سامنے ہیں۔
نائب صدر کی نشست پر ارم رشید اور بلقیار محمود خٹک کے درمیان مقابلہ ہوگا، جبکہ جوائنٹ سیکرٹری کے عہدے کے لیے عمران خان کاکڑ اور ثناء اللہ بگٹی میدان میں ہیں۔ ایڈیشنل سیکرٹری کی نشست پر اسما بشیر بنگشن اور فریحہ جعفر باجوہ قسمت آزما رہی ہیں۔
اسی طرح لائبریری سیکرٹری کے عہدے کے لیے سیدہ نازش نقوی اور درنجف کے درمیان مقابلہ متوقع ہے۔ اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں ایڈیٹر اور ایگزیکٹو ممبران پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔ان انتخابات کو اسلام آباد کی وکلاء برادری کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے، جن کے نتائج بار کے آئندہ سال کے کردار اور پالیسی سمت کا تعین کریں گے۔
مزید پڑھیں :پی ٹی آئی کا کراچی میں جلسہ،اپ ڈیٹ آگئی،جا نئے اجازت ملی یا نہیں















