پشاور(نیوزڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ اسمبلیاں تحلیل کرنے کے حوالے سے پوری قوم عمران خان کے فیصلے کے ساتھ کھڑی ہوگی۔یہ بات انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اس وقت اصولوں کی جنگ لڑ رہی ہے۔اسد قیصر نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی موجودہ جدوجہد کا مقصد پاکستان کو آزاد ریاست بنانا ہے، پاکستانی قوم عمران خان کے ہر فیصلے کے ساتھ کھڑی ہوگی۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم چوں چوں کا مربہ بن چکی ہے،ملک بھر کی 13سیاسی جماعتیں عمران خان کے مقابلے کے لیے تیار نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی حکومت سیاسی مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائیوں میں مصروف عمل ہے، ملک کو موجودہ بحران سے نکالنے کیلئے انتخابات کا انعقاد بہت ضروری ہے۔اسد قیصر نے مزید کہا کہ ملک میں اس وقت پاکستان تحریک انصاف ہی واحد وفاقی پارٹی ہے، جس کی چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں نمائندگی موجود ہے۔