اسلام آباد( اے بی این نیوز )فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر سالانہ امتحان 2026 کا مکمل شیڈول جاری کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی آن لائن داخلہ فارم جمع کرانے کا باضابطہ اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔بورڈ کے مطابق فرسٹ ایئر سالانہ امتحان 2026 کا آغاز 28 اپریل سے ہوگا۔ طلبہ و طالبات کے لیے داخلہ فارم جمع کرانے کی تاریخیں بھی واضح کر دی گئی ہیں۔
نارمل فیس کے ساتھ آن لائن داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 3 فروری 2026 مقرر کی گئی ہے۔ ڈبل فیس کے ساتھ داخلہ فارم 4 فروری سے 12 فروری تک جمع کرائے جا سکیں گے، جبکہ تین گنا فیس کے ساتھ داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 24 فروری 2026 ہے۔
فیڈرل بورڈ نے ریگولر، پرائیویٹ اور امپروومنٹ امیدواروں کے لیے فیس شیڈول بھی جاری کر دیا ہے۔ فرسٹ ایئر امتحانی فیس 2700 روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ نان رجسٹرڈ امیدواروں کے لیے امتحانی فیس 4200 روپے ہوگی۔ فرسٹ ایئر اور سیکنڈ ایئر کے مشترکہ امتحان کی فیس 5400 روپے مقرر کی گئی ہے۔
داخلہ فارم میں کسی بھی قسم کی تصحیح یا رول نمبر سلپ میں درستگی کے لیے 2000 روپے فیس ادا کرنا ہوگی۔ تاہم یتیم، معذور اور قیدی امیدواروں سے امتحانی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔
طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ تاریخوں کے اندر آن لائن داخلہ فارم مکمل کریں، درست معلومات فراہم کریں اور فیس بروقت جمع کرائیں تاکہ امتحان سے متعلق کسی بھی مسئلے سے بچا جا سکے۔ تازہ ترین اپڈیٹس، ڈیٹ شیٹ اور رول نمبر سلپس کے لیے فیڈرل بورڈ کی سرکاری ویب سائٹ پر نظر رکھنا ضروری ہے۔
مزید پڑھیں :بھارتی کرکٹر مقامی میچ کے دوران ہارٹ اٹیک کے باعث چل بسے















