بھارت(اے بی این نیوز)سابق رانجی ٹرافی کرکٹر 38 سالہ کے لعلرمروتا مقامی کرکٹ میچ کے دوران میدان میں گرنے کے بعد انتقال کر گئے۔ بھارت رپورٹ کے مطابق کے لعلرمروتا اپنی بیٹنگ مکمل کرنے کے بعد پویلین واپس جاتے ہوئے سینے میں درد کی شکایت کر رہے تھے جس کے چند لمحوں بعد وہ بے ہوش ہو کر زمین پر گر پڑے۔
یہ افسوسناک واقعہ خالد میموریل سیکنڈ ڈویژن اسکریننگ ٹورنامنٹ کے دوران پیش آیا۔ کے لعلرمروتا وینگھنوائی رائڈرز کرکٹ کلب (وی آر سی سی) کی نمائندگی کر رہے تھے، جن کا مقابلہ چاونپوئی کرکٹ کلب سے تھا۔ بھارتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عینی شاہدین کے مطابق لعلرمروتا نے بیٹنگ کے بعد واپسی پر طبیعت خراب ہونے اور سینے میں درد کی شکایت کی، جس کے فوراً بعد وہ گر پڑے اور ہوش کھو بیٹھے جس پر انہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی بعد ازاں ان کے انتقال کی تصدیق کر دی گئی۔
کرکٹ ایسوسی ایشن آف میزورام (سی اے ایم) نے لعلرمروتا کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں میچ کے دوران فالج ہوا۔ بھارتی رپورٹ کے مطابق کے لعلرمروتا نے میزورام کی جانب سے دو مرتبہ رانجی ٹرافی اور سات میچز سید مشتاق علی ٹرافی میں کھیلے تھے۔ وہ طویل عرصے تک مقامی کرکٹ سے وابستہ رہے اور مختلف کلبوں کی نمائندگی کرتے ہوئے گراس روٹ سطح پر کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔
مزید پڑھیں۔پی آئی اے کا نام تبدیل بارے بڑی خبرآگئی















