لاہور(اے بی این نیوز)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز یعنی پی آئی اے نے لاہور سے لندن کے لیے فضائی آپریشن دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق پہلی پرواز پی کے 757، 30 مارچ کو لاہور سے لندن روانہ ہو گی، جو برطانیہ کے ہیتھرو ایئرپورٹ کے ٹرمینل 4 پر لینڈ کرے گی۔
ترجمان نے بتایا کہ یہ پروازیں 6 سال کے وقفے کے بعد دوبارہ شروع کی جا رہی ہیں۔
لندن، پی آئی اے کے نیٹ ورک کے ابتدائی بین الاقوامی روٹس میں شامل رہا ہے اور اس روٹ کی بحالی کو ایئرلائن کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
لاہور سے لندن کی پروازوں کے آغاز کے بعد برطانیہ کے لیے پی آئی اے کی ہفتہ وار پروازوں کی مجموعی تعداد 7 ہو جائے گی۔
واضح رہے کہ پابندی سے قبل پی آئی اے پاکستان سے لندن کے لیے ہفتہ وار 10 پروازیں آپریٹ کر رہی تھی۔
ترجمان کے مطابق لندن کے لیے پروازوں کی تعداد میں آئندہ دنوں میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا۔
اس سے قبل پی آئی اے اسلام آباد سے لندن کے لیے ہفتہ وار 3 پروازوں کے آغاز کا اعلان کر چکی ہے، جو 29 مارچ سے شروع ہوں گی۔
پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ برطانیہ کے لیے فضائی آپریشن کی بحالی سے مسافروں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی اور ایئرلائن کے بین الاقوامی نیٹ ورک کو مزید وسعت ملے گی۔
مزید پڑھیں۔شب معراج پر تعطیل کا اعلان















