اہم خبریں

سابق کرکٹر کی حالت میں ڈرامائی بہتری،جا نئے تفصیل

سڈنی (  اے بی این نیوز  )آسٹریلیا کے سابق کرکٹر ڈیمین مارٹن کی صحت میں غیر معمولی بہتری نے شائقین کرکٹ کو خوشخبری سنائی ہے۔ مارٹن کو حال ہی میں میننجائٹس کی تشخیص ہوئی تھی اور انہیں باکسنگ ڈے کے روز گولڈ کوسٹ کے اسپتال میں انتہائی تشویشناک حالت میں داخل کرایا گیا، جہاں انہیں کوما میں منتقل کرنا پڑا تھا۔ تاہم گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ان کی حالت میں ڈرامائی بہتری آئی ہے۔ وہ اب کوما سے باہر آ چکے ہیں، ہوش میں ہیں اور اہلِ خانہ سے بات چیت بھی کر رہے ہیں۔

سابق کپتان اور مارٹن کے قریبی دوست ایڈم گلکرسٹ نے اہلِ خانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا کہ یہ پیش رفت ناقابلِ یقین ہے۔ گلکرسٹ کے مطابق گزشتہ دو دنوں میں ڈیمین کی ریکوری غیر معمولی حد تک تیز رہی ہے اور وہ اب بات کرنے کے قابل ہیں، جسے اہلِ خانہ ایک معجزے سے کم نہیں سمجھ رہے۔ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ مارٹن کو جلد آئی سی یو سے اسپتال کے دوسرے وارڈ میں منتقل کر دیا جائے گا، جو ان کی تیزی سے بہتر ہونے والی صحت کا ثبوت ہے۔ علاج اور نگرانی تو جاری رہے گی، مگر مجموعی صورتحال حوصلہ افزا ہے۔

ڈیمین مارٹن کی اہلیہ امانڈا نے شائقین، دوستوں اور میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر سے ملنے والی دعاؤں، محبت اور نیک تمناؤں نے ڈیمین کی صحتیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اتنی حمایت اور خلوص نے انہیں اور ڈیمین دونوں کو حوصلہ دیا۔واضح رہے کہ ڈیمین مارٹن نے 1992 سے 2006 تک آسٹریلیا کی جانب سے 67 ٹیسٹ میچز کھیلے۔ وہ 2000 میں چھ سال کے وقفے کے بعد ٹیم میں واپس آئے اور اسٹیو واہ کی قیادت میں آسٹریلوی ٹیم کا اہم حصہ بنے، جو 2003 کے ون ڈے ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ بھی تھی۔

مزید پڑھیں :5 بڑوں کی بیٹھک؟خواجہ آصف کا موقف سامنے آگیا،جا نئے کیا

متعلقہ خبریں