ایبٹ آباد ( اے بی این نیوز )خیبر پختونخوا کے ضلع ایبٹ آباد اور اس کے گردونواح کے سیاحتی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہو گیا ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ تازہ برفباری کے بعد گلیات کے مختلف مقامات نے سفید چادر اوڑھ لی ہے، جس سے موسم مزید سرد ہو گیا ہے۔ڈائریکٹر جنرل گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی شاہ رخ علی کی ہدایات پر جی ڈی اے کے تمام متعلقہ عملے کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ سیاحوں اور مقامی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ انتظامیہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔
شاہ رخ علی کے مطابق نتھیا گلی، ٹھنڈی یانی اور گلیات کے دیگر علاقوں میں برفباری کے باعث کئی سڑکیں عارضی طور پر بند ہو گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہیوی مشینری سڑکوں کی صفائی میں مصروف ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے عملہ ہر وقت تیار ہے۔ حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ بند راستوں کو جلد از جلد ٹریفک کے لیے بحال کر دیا جائے گا۔سیاحوں کی سہولت کے لیے مختلف مقامات پر قائم ٹورسٹ فسیلی ٹیشن سینٹرز میں ٹورازم پولیس اور جی ڈی اے کا عملہ موجود ہے تاکہ رہنمائی اور فوری مدد فراہم کی جا سکے۔
ڈائریکٹر جنرل نے گلیات کا رخ کرنے والے ڈرائیوروں سے اپیل کی ہے کہ وہ برفباری کے دوران گاڑیوں کے ٹائروں پر چین کا استعمال لازمی کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔ موسم کی خرابی کے پیش نظر سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں :پاکستان میں وی پی این پابندیاں، مگر صارفین پھر بھی آن لائن















