گلگت بلتستان ( اے بی این نیوز )گلگت بلتستان میں نگران کابینہ کی تشکیل کا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے، جس کے بعد عبوری انتظامی سیٹ اپ نے باضابطہ طور پر شکل اختیار کر لی ہے۔ وزیراعظم پاکستان نے بطور چیئرمین گلگت بلتستان کونسل، نگران وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی سفارش پر 14 رکنی نگران کابینہ کی منظوری دے دی ہے، جس کا سرکاری نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نگران کابینہ میں وزراء اور مشیران سمیت مجموعی طور پر 14 ارکان شامل ہیں۔ یہ تقرریاں گورنمنٹ آف گلگت بلتستان آرڈر 2018 کے آرٹیکل 48A(2) کے تحت عمل میں لائی گئی ہیں، جو آئینی اور قانونی تقاضوں کے مطابق ہیں۔
نگران کابینہ میں شامل وزراء میں سجاد علی بیگ، انجینئر الطاف حسین، غلام عباس، کرنل (ر) ابرار اسماعیل، مہر داد، شرافت دین، مولانا سرور شاہ، راجہ شہباز خان، ممتاز حسین، ڈاکٹر نیاز علی، سید عدیل شاہ اور بہادر علی شامل ہیں۔ جبکہ سید فاطمہ اور عبدالحکیم کو مشیر مقرر کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن پر جوائنٹ سیکرٹری گلگت بلتستان کونسل سدھر خان خٹک کے دستخط ثبت ہیں۔ حکومتی ذرائع کے مطابق نگران کابینہ فوری طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لے گی اور روزمرہ انتظامی امور کے ساتھ ساتھ انتخابی عمل کی نگرانی بھی کرے گی۔
مزید پڑھیں :پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کیساتھ عوام کیلئے ایک اور خوشخبری















