اسلام آباد(اے بی این نیوز)پاکستان میں مقامی سطح پر موبائل فونز کی تیاری کے حوالے سے پالیسی تیار کر لی گئی، موبائل فون اور دیگر الیکٹرانکس ڈیوائسز پاکستان میں تیار ہوں گی، معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر کا کہنا ہے پالیسی پاکستان میں اسمبلنگ سے مکمل مینوفیکچرنگ کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔
معاونِ خصوصی ہارون اختر خان کی زیرِ صدارت موبائل اینڈ الیکٹرانکس ڈیوائسز مینوفیکچرنگ پالیسی پر اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ مینوفیکچرنگ پالیسی دوہزار چھبیس تا دوہزار تینتیس پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ معاون خصوصی ہارون اختر کا کہنا تھا کہ موبائل اینڈ الیکٹرانکس مینوفیکچرنگ پالیسی تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد تیار کی گئی ہے ۔ اس پالیسی کے تحت عالمی برانڈز پاکستان میں مینوفیکچرنگ کریں گے جبکہ مقامی برانڈز کو بھی بااختیار بنایا جائے گا۔
حکام نے بتایا کہ دوہزار تینتیس تک موبائل فونز میں پچاس فیصد لوکلائزیشن حاصل کرنا ہے۔ پچاس ہزار ہنرمند افرادی قوت تیار کی جائے گی جن میں پندرہ ہزار اسپیشلسٹ شامل ہوں گے۔۔ معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار نے کہا کہ موبائل اینڈ الیکٹرانکس مینوفیکچرنگ پالیسی جلد وزیراعظم کو پیش کی جائے گی۔
مزید پڑھیں۔فیصل آباد سنٹرل جیل میں قتل کیس کی بیمارملزمہ چل بسی















